نیویارک: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ غزہ المیہ جیسے تنازعات حل ہونے تک دنیا میں استحکام نہیں آسکتا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کے مسائل فیوچرجنریشن اور امن کے لئے خطرہ ہے، 100 سے زیادہ ترقی پذیر ممالک کو مواقع مہیا کرنے کیلئےعالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے اجتماعی طور پر کاوشیں کرنا ہوں گی، ایک عالمی برادری کے طور پر دنیا کے لئے ایک بہتر راستہ طے کرنے میں ہمارا کردار ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ مل کر کام کرنے سے، ہم ایک محفوظ، زیادہ پرامن، جامع، پائیدار اور خوشحال مستقبل حاصل کرسکتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ اجلاس بین الاقوامی میکانزم بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے جو 21ویں صدی کی حقیقتوں کی بہتر عکاسی کرتا ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ مستقبل کی نسلوں سے متعلق گلوبل ڈیجیٹل کمپیکٹ اور مستقبل کے حل کے لئے ایک معاہدے کی ضرورت ہے۔



















