Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نوابزادہ نصر اللہ خان ممتاز اور باوقار سیاستدان تھے، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نوابزادہ نصر اللہ ممتاز اور باوقار سیاستدان تھے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کے لیے نشان امتیاز کی سفارش کر دی۔

 انہوں نے نوابزادہ نصر اللہ خان مرحوم کو جمہوریت، اتحاد اور انصاف کیلئے غیر متزلزل لگن کے اعتراف میں نشان امتیاز (بعد از مرگ) دینے کی سفارش کی ہے۔

آصف علی زرداری نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایوارڈ دینے کا عمل شروع کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوابزادہ نصر اللہ ممتاز اور باوقار سیاستدان تھے، ان کی زندگی جمہوریت کی ترقی اور پاکستان کی سیاسی سالمیت کے لئے وقف تھی۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان کی بیمثال دیانت، رواداری اور جمہوری اقدار آئندہ آنے والی نسلوں کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہوں گی۔

واضح رہے کہ نوابزادہ نصر اللہ پاکستان جمہوری پارٹی کے سربراہ تھے اور جمہوریت کے لیے ان کا کردار ہمیشہ سر فہرست رہا۔ 1951 کے بعد ملک میں جتنے بھی سیاسی اتحاد بنے، نوابزادہ نصراللہ خان کا ان کے ساتھ بالواسطہ یا بلا واسطہ تعلق ضرور رہا۔

نوابزادہ نصر اللہ خان نے 1988ء اور 1993ء کے صدارتی انتخابات میں بھی حصہ لیا، انہوں نے اپنی زندگی میں کم و بیش 18 سیاسی اتحاد بنائے، جن میں پاکستان قومی اتحاد، ایم آر ڈی، این ڈی اے، اے آر ڈی، اے پی سی اور دیگر سیاسی اتحاد شامل ہیں، جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں انہوں نے اے آر ڈی کے نام سے ایک ایسا پلیٹ فارم بنایا جس میں بینظیر بھٹو کی پیپلز پارٹی اور میاں نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) کو ایک فورم پر جمع کیا۔

ان کا انتقال 26 اور 27 ستمبر 2003 کی درمیانی شب ہوا اور وہ آبائی قبرستان خان گڑھ میں آسودہ خاک ہیں۔

متعلقہ خبریں