لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شریمپ (جھینگے) کی فارمنگ کے لئے مراعات کا اعلان کرتے ہوئے پنجاب میں ایک لاکھ ایکڑ پر شریمپ فارمنگ کا ہدف مقرر کردیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مظفرگڑھ کے نواحی علاقے جھلاریں شمالی میں شریمپ فارمنگ پائلٹ پراجیکٹ کا دورہ کیا اور شریمپ فارمنگ پائلٹ پراجیکٹ کا معائنہ بھی کیا جب کہ تالاب میں شریمپ کا جائزہ لیتے ہوئے فیڈ بھی ڈالی۔
وزیر اعلیٰ نے شریمپ فارمنگ پراجیکٹ کا فضائی دورہ کیا اور پائلٹ پراجیکٹ فار ایڈیپٹو ریسرچ آن شریمپ فارمنگ کا افتتاح بھی کیا۔
اس موقع پرسینٹیر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، معاون خصوصی ذیشان ملک اور ایم پی اے ثانیہ عاشق موجود تھیں۔
علاوہ ازیں چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری وائلڈ لائف اینڈ فشریز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ، کمشنر ڈی جی خان، ڈپٹی کمشنر، اے ڈی سی آر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ دنیا بھر میں شریمپ کی بہت مانگ ہے، ہمیں فائدہ آٹھانا چاہیے۔ ایک لاکھ ایکڑ پر شریمپ فارمنگ سے ایک ارب ڈالر تک زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے جب کہ شریمپ فارمنگ سے 40 فیصد تک منافع کی شرح ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں ویران اور بنجر زمین کو شریمپ فارمنگ سے قابل استعمال بنائیں گے اور اس کے لئے فارمرز اور انویسٹرز کو کم از کم لیز پر زمین اور مراعات دیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ شریمپ فارمنگ کے لئے سیڈ، فیڈ اور درکار آلات بھی فراہم کریں گے جب کہ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب اور ان کی ٹیم شریمپ فارمنگ پراجیکٹ پر مبارکباد اور شاباش کی مستحق ہے۔
وزیر اعلیٰ کو شریمپ فارمنگ پائلٹ پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ میں بتایا کہ شریمپ فارمنگ پراجیکٹ میں نوجوانوں کی انٹرن شپ اور جاب مارکیٹ میں مواقع فراہم کیے جائیں گے، محکمہ فشریز پنجاب کے زیر اہتمام شریمپ فارمنگ پائلٹ پراجیکٹ کی دو ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل ہوئی-
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جھلاریں شمالی شریمپ فارمنگ پائلٹ پراجیکٹ سے پہلی پیداوار اکتوبر میں تیار ہوجائے گی جب کہ پہلی مرتبہ پچاس فیصد لوکل اور پچاس فیصد فارن فیڈ پر شریمپ فارمنگ کی جارہی ہے۔
انہیں بتایا کہ 100 ایکڑ پر شریمپ فارمنگ پائلٹ پراجیکٹ سے جھینگوں کی 100 میٹرک ٹن پیداوار حاصل ہوگی، شریمپ فارمنگ سے دس ہزار سے بیس ہزار افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔
مزید بتایا گیا کہ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کی زیر نگرانی پنجاب میں شریمپ ایکوا کلچر ایریا 2000 ایکڑ تک بڑھانے کے ہدف پر کام شروع کردیا گیا ہے جب کہ پنجاب میں شریمپ فارمنگ ایکواکلچر کو 4750 ایکڑ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔



















