Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی عراقی ہم منصب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم پاکستان اورعراق کے وزیراعظم کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امو پربھی تبادلہ خیال کیا۔

 وزیراعظم محمد شہبازشریف کی عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر آج نیویارک میں ملاقات ہوئی۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اورعراق کے مابین مضبوط تعلقات کو خوش آئند قراردیا اور پاکستانی زائرین کے لئے ہر سال کئے جانے والے انتظاما ت پر عراقی حکومت  کو سراہا۔

 ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان عراق دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے پراتفاق کیا۔، جبکہ باہمی طور پرتعاون کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے مابین موجود استعداد سے استفادہ حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔

ملاقات میں  دونوں رہنماؤں نے غزہ پر جاری اسرائیلی قتل عام، ظلم و جبر اور لاکھوں انسانی زندگیوں کی تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور غزہ کی نسل کشی کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرانے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

 بین الاقوامی مسائل پر اتفاق کرتے ہوئے، دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینی بہن بھائیوں کو انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کے لیے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے پلیٹ فارمز پر بین الاقوامی کوششوں کو مزید مؤثر اور تیز کرنے پر زور دیا۔

متعلقہ خبریں