Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بہت سے لوگ چاہتے تھے کہ آئی ایم ایف معاہدہ نہ ہو، امیر مقام

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام کا کہنا ہے کہ بہت سے لوگ چاہتے تھے کہ آئی ایم ایف معاہدہ نہ ہو۔

 وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام کا کہنا ہے کہ کانکن ہزاروں فٹ پہاڑی کے اندر سے کوئلہ نکالتے ہیں، کانکنوں کی وجہ سے انڈسٹریز چل رہی ہیں، دور دراز سے آنے والے تمام کانکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

 انہوں نے کہا کہ مزدوروں نے میرے لیڈر نواز شریف و وزیر اعظم شہباز شریف سے میرا نام جوڑ کر جو مجھ سے امیدیں وابستہ کی ان پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا، ملک کے اصلی اثاثہ محنت کشوں کے درمیان بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

   امیر مقام نے کہا کہ بلوچستان میں مختلف ممالک کی سرحدیں لگتی ہیں، بلوچستان کے لوگ سازشیوں کو ناکام کرنے پر داد کے مستحق ہیں، اس بار بلوچستان کی ترقی کیلئے پنجاب سے بھی زیادہ رقم رکھی گئی ہے۔

 وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان نے کہا کہ اسلام آباد سے کوئٹہ تک سی پیک شاہراہ جلد مکمل ہوگی جس سے ترقی ہوگی، وزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان کی ترقی کیلئے خصوصی توجہ دے رہے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے  28 ہزار زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی پر منتقل کرنے کا مطالبہ منظور کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 28 ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی پر منتقل کرنے سے زرعی انقلاب آئے گا، عسکری و سول حکام  بلوچستان میں امن لانے کیلئے کوشاں ہیں، بلوچستان میں امن کیلئے عسکری و سول حکام ایک پیج پر ہیں۔

 امیر مقام نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے پہاڑوں میں موجود معدنیات کو نکال کر ملک کی تقدیر بدل دی جائے، وفاقی و صوبائی حکومت بلوچستان میں ترقی چاہتے ہیں، چاہتے ہیں بلوچستان کے وسائل لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کیے جائیں۔

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان نے کہا کہ میرا قلم اور زبان مزدور کی فلاح و بہبود کیلئے جتنا استعمال ہوسکتا ہے کرونگا، آئی ایم ایف 7 ارب ڈالر معاہدہ خوش آئندہ ہے، بہت سے لوگ چاہتے تھے کہ آئی ایم ایف معاہدہ نہ ہو، آئی ایم ایف پروگرام سے ملک میں مزید معاشی استحکام آئے گا۔

متعلقہ خبریں