گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ منشیات ایک لعنت ہے اس سے چھٹکارہ دلانا قومی مشن ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے بینظیر شہید اے این ایف ماڈل ایڈیکشن یونٹ اینڈ ری ہیبلیٹیشن کا دورہ کیا۔
کمانڈر اینٹی نارکوٹکس فورس بریگیڈئیر عمر فاروق نے گورنر سندھ کو منشیات کے عادی افراد کے علاج کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا اور بریفنگ دی۔
گورنر سندھ نے ذاتی حیثیت میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی کہ مخیر حضرات سے سینٹر کے مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرنے کے لیے بات کریں گے۔
کامران خان ٹیسوری سینٹر میں موجود بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور لوڈو بھی کھیلا۔
انہوں نے سینٹر میں داخل لوگوں کو گورنر ہاﺅس کا دورہ کرانے کا اعلان کیا۔
گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات ایک لعنت ہے اس سے چھٹکارہ دلانا قومی مشن ہے، معاشرے کے ہر فرد کو اس عظیم کام کو سر انجام دینے کیلئے ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ علاج کے بعد زندگی کی طرف واپس آرہے ہیں ان کو معاشرے میں عزت دینی ہوگی، منشیات کے کاروبار کے پیچھے بڑی بڑی مافیاز ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس اپنا کام کررہے ہیں لیکن چیلنجز بہت زیادہ ہیں، معاشرے کو اس زہر کو پھیلنے سے روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔



















