Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی ایم ایف نے پاکستان سے معاہدے کی تفصیلات جاری کردیں

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے معاہدے کی تفصیلات جاری کردیں ہیں۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح بڑھ کر 3.2 فیصد ہوسکتی ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال پاکستان کی شرح نمو 2.4 فیصد تھی۔

 آئی ایم ایف نے بتایا کہ پاکستان میں بے روزگاری کی شرح کم ہوکر 7.5 فیصد ہوسکتی ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال بے روزگار کی شرح 8 فیصد تھی۔

عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق پاکستان میں افراط زر کم ہوکر 9.5 فیصد ہوسکتی ہے، گزشتہ مالی سال افراط زر کی شرح 23.4 فیصد تھی۔

 آئی ایم ایف نے بتایا کہ پاکستان میں محصولات بڑھ کر معیشت کا 15.4 فیصد ہوسکتے ہیں، گزشتہ مالی سال محصولات کا معیشت میں 12.6 فیصد تھا۔

عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق پاکستان میں قرضے بڑھ کر معیشت کا  69 فیصد ہوسکتے ہیں، گزشتہ مالی سال قرضے معیشت کا 67 فیصد تھے۔

 آئی ایم ایف نے بتایا کہ پاکستان کو ٹیکس کا منصفانہ نظام درکار ہے، پاکستان میں ٹیکسوں میں تمام شعبہ جات کو حصہ دار بنانا ضروری ہے، اس کے علاوہ پاکستان کو انسداد منی لانڈرنگ کے فریم ورک پر سختی سے عمل درآمد جاری رکھنا ہوگا۔

عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق پاکستان کو سرکاری اداروں کے نقصانات کوروکنا ہوگا، اور سرکاری محکموں کی گورننس بہتر بنانا ہوگی، اس کے علاوہ پاکستان میں اصلاحات کا عمل سختی سے جاری رہنا چاہئے، پاکستان میں توانائی کی اصلاحات پرعمل درآمد ضروری ہے۔

آئی ایم ایف نے بتایا کہ حکومت پاکستان بجلی کی لاگت کم کرنے کے لیے اصلاحات یقینی بنائے، پاکستان توانائی کی قیمتوں سے متعلق ایڈجسٹمنٹ بروقت کرے، اس کے علاوہ پاکستان محصولات بڑھانے کےلیے کوششیں جاری رکھے۔

عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق پاکستان کو ماحولیات، کرپشن، اصلاحات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان میں سرکاری اداروں میں کرپشن ختم کرنا ہوگی، پاکستان میں ماحول کے نقصانات کم کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

آئی ایم ایف نے بتایا کہ کاروبار کرنے کے لیے مساوی مواقع دینا ہوں گے، تمام شعبہ جات کی پست پیداوار کو بڑھانا ہوگا۔

متعلقہ خبریں