Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی خوشحالی کے بارے میں کبھی امید نہیں چھوڑنا، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کے بارے میں کبھی امید نہیں چھوڑنا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دورہ کراچی کے دوران تاجر برادری سے ملاقات کی جس میں معیشت کے حوالے سے تاجر برادری کے ساتھ اہم امور زیر بحث  آئے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ”میں ایک سال پہلے آپ سب لوگوں سے مخاطب تھا اور کہا تھا کہ مایوس مت ہوں، مایوسی گناہ ہے”

آرمی چیف نے کہا کہ معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی ناکام کوششوں کو اجتماعی کاوشوں سے شکست دی گئی، پاکستان مختلف شعبوں میں غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔

  آرمی چیف نے کہا کہ بے پناہ وسائل اور صلاحیت کے پیش نظر پاکستان اقوام عالم میں اپنا جائز مقام حاصل کرنا چاہتا ہے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ مغربی سرحد پر سمگلنگ پر قابو پانے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں، برادر دوست ممالک بالخصوص چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی معاشی بحالی میں کردار قابل ستائش ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ گوگل، اسٹار لنک اور دیگر بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

 جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ کاروباری برادری کے تعاون کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہ تھیں، پاکستان کے روشن مستقبل پر سب کو غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہیے۔

آرمی چیف نے کراچی کی کاروباری برادری کو یقین دہانی کرائی کہ فوج غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے لیے پُرعزم ہے،  کراچی کی کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔

آرمی چیف  نے تجارتی  برادری کو ملکی معیشت کی  ترقی میں کردار ادا کرنے اور ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔

متعلقہ خبریں