چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ پاکستان و سعودی عرب دو ایسے ممالک ہیں جن کے اسرائیل سے تعلقات نہیں۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسوقت اقوام متحدہ میں وزیر اعظم شہبازشریف نے جو فلسطین و کشمیر صورتحال پر گفتگو کی وہ عالم اسلام و پر امن پسند ملک کی ترجمانی ہے، وزیر اعظم پاکستان نے اسرائیلی بربریت و جارحیت کی مذمت کی اور کشمیریوں و فلسطینیوں کی ترجمانی کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان و سعودی عرب دو ایسے ممالک ہیں جن کے اسرائیل سے تعلقات نہیں ، اب وقت آ گیا ہے اسرائیلی بربریت و سفاکیت کے خلاف مسلم ممالک بلکہ ہر امن چاہنے والا کھڑا ہوجائے تاکہ آزاد ریاست قائم ہو، وزیر اعظم نے دو ریاستی حل کی بات کی ہے، ادھر اتنی سیاسی پولرائزیشن ہوگئی، اپنی سوچ سے آگے سوچنا نہیں چاہتے۔
طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ شاہ عبداللہ نے امن فارمولا دیا، ایران ملائیشیا نے دو ریاستی حل کی بات کی، وزیر اعظم شہبازشریف نے بھی چوبیس سالہ دو ریاستی بات کا وہی حل بتایا ہے، او آئی سی اجلاس سے کسی بھی سیاسی حکومت نے اختلاف و مخالفت نہیں کی۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے لئے جدوجہد میں پاکستان صف اول میں کھڑا ہے، وقت قریب ہے جب فلسطین آزاد ریاست ہوگا، لبنان پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، وزیر اعظم نے اس کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کا فلسطینی قیادت کے ساتھ یورپی اتحاد فلسطین پر قائم ہوا، اس سے بات چیت کریں گے، فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے اسلام آباد میں نومبر میں اسلامی کانفرنس منعقد کریں گے۔



















