Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

راولپنڈی میں فتنہ گروپ کو تماشا لگانے کی اجازت نہیں، عظمیٰ بخاری

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں فتنہ گروپ کو تماشا لگانے کی اجازت نہیں۔

 وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے راولپنڈی پر یلغار کرنے آنا ہے، مخلصانہ مشورہ ہے حالات خراب کرنے کی کوشش کی تو ذمہ دار خود ہونگے، ریاست کے خلاف انتشار کریں گے تو ذمہ دارخود ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور اسلحہ لہرا لہرا کر پنڈی میں نکلیں گے تو کارروائی کرینگے، فتنہ فساد گروپ کا ماسٹرمائنڈ جیل میں بیٹھا ہے، کیا کوئی سیاسی جماعت جلسے میں اسلحہ لیکر آتی ہے؟ پنڈی میں انکو ان تماشوں کی اجازت نہیں ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنڈی میں اگر پی ٹی آئی نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو کارروائی ہوگی، فتنہ فساد گروپ نے کل نیویارک میں تماشہ لگانے کی کوشش کی۔

 وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے سے معیشت کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی، عالمی ادارے اور اسٹیٹ بینک بھی مہنگائی میں کمی کا کہہ رہے ہیں، وزیراعظم نے اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر کا بائیکاٹ کیا، وزیراعظم کے بعد دیگرممالک کے سربراہان نے بھی بائیکاٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ لبنان بھی غزہ بننے جا رہا ہے، اسے روکنا ہوگا، وزیراعظم کو کشمیر کی بھرپور نمائندگی کرنے پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں، فتنہ فساد پھیلانے والے کسی حال میں خوش نہیں ہوتے، پاکستان کا مقدمہ لڑنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما عمران نذیر نے کہا کہ کچھ شرپسند عناصر پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے، ہم نے ملکی معیشت کو سنبھالا اب معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، تنقید کریں مگر سیاست کو سیاست رہنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ بدتمیزی کا کلچر بند کریں، وزیراعلیٰ مریم نواز صوبے کی فلاح کیلئے دن رات کام کررہی ہیں، وزیراعلیٰ کے پی اپنے صوبے کے عوام کی حالت پر رحم کریں۔

عمران نذیر نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی حکومت کے بہتر اقدامات کا منہ بولتا ثبوت ہے، عالمی اداروں نے بھی پاکستان میں مہنگائی میں کمی کا اعتراف کیا۔

متعلقہ خبریں