نیویارک: پاکستانی کمیونٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
نیویارک میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے ملاقات ہوئی جس کا اہتمام قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی جانب سے کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستانی کمیونٹی نے وزیراعظم شہبازشریف کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وزیراعظم نے پوری دنیا کے سامنے کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ پیش کیا، وزیراعظم نے بھارتی جارحیت پر منہ توڑ جواب دینے کا پیغام دے کر قوم کی ترجمانی کی۔
وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ملاقات میرے لئے باعث مسرت ہے، یہ تقریب صرف ایک اجتماع نہیں بلکہ پاکستانی قوم کی عظمت اورہم آہنگی کا مظہر ہے، اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔
خواجہ آصف کہتے ہیں کہ امریکہ میں آپ سب نے محنت اور لگن سے نیا معاشرہ آباد کیا اور پاکستان کا نام روشن کیا جب کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز نے ثابت کیا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، آپ سب کی یہ کامیابی پاکستان کے لئے ایک روشن مستقبل کی نوید ہے، ملکی معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا گراں قدر کردار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہیں، وزیراعظم نے اوورسیز کے مسائل ترجیحی بنیاد پرحل کرنے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے۔



















