Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سوشل میڈیا کے ذریعے ہونے والے جرائم کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ہونے والے جرائم کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج پھر دس دن کا وقت ملا ہے، میرا بار بار یہاں آنا عزت کا باعث نہیں ہے، مگر انصاف عدالتوں نے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ فیک ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دیں، میں خواتین کے لئے رلنے کے لئے تیار ہوں مجھے یہاں آتے ڈھائی ماہ ہوگئے مگر پیچھے نہیں ہٹوں گی۔

عظمی بخاری نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے نے تسلیم کیاکہ ان کے پاس استعداد کار ہی موجود نہیں ہے، انہوں نے متعلقہ افسران کو معطل کردیا ہے، ڈی جی ایف آئی اے نے مانا ہے کہ حکومتی سطح پر ایکس یاسوشل میڈیا ایپس کےساتھ کوئی معاہدہ نہیں، یہ بات ریاست پاکستان کو تشویش کا سبب ہونی چاہیے۔

انکا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کی ایپس سے آمدن بلیک منی کے زمرے میں آتی ہے، معاہدے نہ ہونے سے کوئی بھی ہمیں سیریس نہیں لیتا، کےپی کے ہاؤس میں دہشت گردوں کی آماجگاہ بنادیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایپس کو قانونی دائرہ کار میں آنا ہوگا یا بند کرنا ہوگا، یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ لوگوں کی عزتیں اچھالیں اور کوئی کارروائی نہ ہو، یہی میرا کیس ہے اور یہ صرف میری ذات کا معاملہ نہیں ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ میرے متعلق جعلی مواد سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا، منظم تحریک چلاکر لوگوں کی عزت، ناموس پر حملے کیے جاتے ہیں، جعلی ویڈیو کا اب بھی سوشل میڈیا پر موجود ہونا افسوسناک ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے گناہ کو چھپانے کے لئے اپنی جماعت کا سہارا لے رہا ہے، اگر یہ باز نہیں آتے تو ریاست کو کوئی ایکشن لے لینا چاہیے۔

متعلقہ خبریں