وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کابینہ کو دورہ امریکہ پر اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ ملکی مجموعی امن و امان اور معاشی صورتحال کا جائزہ لے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آج رات لندن سے وطن واپس روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے نیپال میں تباہ کن سیلاب سے قیمتی جانوں کے المناک نقصان پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم (ایکس) پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل اس مشکل وقت میں نیپالی وزیر اعظم کے پی شرما اولی اور نیپال کے عوام کے ساتھ ہیں۔
شہباز شریف نے 2022 میں شدید سیلاب کے حوالے سے پاکستان کے اپنے تجربے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 2022 میں پاکستان نے تباہ کن سیلاب کا سامنا کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور کسی بھی ضروری امداد کی پیشکش کے لیے تیار ہے۔



















