Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایک شخص کیلئے ریلیف کی فیکٹریاں کھول دی گئی ہیں، شرجیل میمن

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ ایک شخص کیلئے ریلیف کی فیکٹریاں کھول دی گئی ہیں۔

 وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل محکمہ ایکسائیز کی جانب سے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کیلئے ملکی تاریخ میں پہلا آن لائن ایکشن کریں گے، حاصل ہونیوالی رقم سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر پر خرچ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کی وجہ سے اٹھارویں ترمیم وجود میں آئی، پارلیمنٹ کو قانونسازی کا مکمل اختیار حاصل ہے، صدر زرداری نے اپنے پچھلے دور حکومت میں سارے اختیارات پارلیمنٹ کو دیدیئے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ آئینی ترامیم کیلئے بلاول بھٹو زرداری ذاتی طور پر قومی اتفاق رائے قائم کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، آج بھی عدالتوں میں لاکھوں مقدمات پینڈنگ میں پڑے ہیں، مقدمات میں دیر کے باعث لوگوں کی زندگیاں تباہ ہو رہی ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ایسے کیس بھی سامنے آئے کہ لوگوں کو پھانسی ہو گئی پہر کہا گیا وہ بے گناہ تھا، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا، پنتالیس سال بعد کہا گیا درست ٹرائل نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی دو حکومتیں گرائی گئیں، عدالتوں نے انصاف نہیں دیا، صدر آصف علی زرداری کو بارہ سال جیل میں رکھا گیا، ایک شخص کیلئے ریلیف کی فیکٹریاں کھول دی گئی ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل کیس کو 16 سال ہوگئے لیکن عدالتوں کے پاس مقدمہ سننے کا وقت نہیں، پیپلز پارٹی زیادتیوں کا شکار رہی ہے، اس لیے عدالتوں میں اصلاحات چاہتے ہیں، ہم کسی فرد کے برعکس عدالتی نظام ٹھیک کرنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں