چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں ایتھوپیا کی ترقی متاثر کن ہے۔
پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبد اللہ کی چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔
ایتھوپیا کے سفیر نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان دونوں میں نوجوان آبادی ہے، ایتھوپیا اور پاکستان نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ایک دوسرے کےتجربات سے سیکھ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی تاجر جنوری 2025 میں ایتھوپیا میں سنگل کنٹری نمائش میں شرکت کرسکتے ہیں، موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں ایتھوپیا کے نوجوان اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت میں ایتھوپیا کی ترقی متاثر کن ہے، پاکستان اور ایتھوپیا نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرسکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔



















