لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کہتے ہیں کہ ہمیں کام کرنے دیا جاتا تو آج ایک بھی شخص بے گھر نہ ہوتا اور ہماری حکومت نہ گرائی جاتی تو آج پاکستان خوشحال ملک ہوتا۔
لاہور میں اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی سرپرستی میں بہت عمدہ پروگرام شروع ہوا، اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے اجراء پر خوشی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہونا چاہیے جب کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی عوام پر ہی خرچ کی جارہی ہے، 75 سالوں میں لوگوں کی بہت بڑی آبادی گھروں سے محروم ہے، عوام سے قرض کی مد میں کوئی سود نہیں لیا جارہا، ہمیں کام کرنے دیا جاتا تو آج ایک بھی شخص بے گھر نہ ہوتا۔
نوازشریف نے سوال اٹھایا کہ ہماری حکومتوں کو کیوں فارغ کیا گیا؟، ہماری حکومت نہ گرائی جاتی تو پاکستان خوشحال ملک ہوتا۔ کسی جماعت نے اتنا کام نہیں کیا جتنا مسلم لیگ ن نے کیا اور مسلم لیگ ن کے دور میں ہی ہمیشہ ملکی استحکام آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موٹروے مسلم لیگ ن کے دور میں بنے، ڈالر کو ہم نے باندھ کر رکھا، دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ ن لیگ نے ختم کی جب کہ یلو کیپ منصوبے کو ختم کردیا گیا اور اس ملک میں پہلی اورنج لائن بھی ن لیگ نے بنائی۔
مسلم لیگ ن کے قائد کہتے ہیں کہ جو بلین ٹری اور ساڑھے تین سو ڈیموں کی بات کرتے تھے وہ کہاں ہیں، باتیں کرنا کچھ اور ہوتا ہے اور جھوٹ کی سیاست کچھ اور ہوتی ہے۔ بجلی سستی ہورہی ہے تو مریم نواز کی حکومت اور شہباز شریف کو بھی شاباش دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہتے ہیں دوسرے لے آتے ہیں، ہم نے آئی ایم ایف کو ہاتھ ملا کر خدا حافظ کہا دوسروں کی حکومت میں واپس آگیا، آپ کی اسکیم اور سوچ کیا ہے، کے پی کے لوگ پنجاب آتے ہیں۔ آئیں آپ لیکن ان سے پوچھے جو جیل میں بیٹھے ہیں کہ کے پی کے کے لئے کیا کیا ہے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں سہولیات نہیں، ایک ارب درخت لگانے تھے کہاں ہیں اور کدھر ہیں آپ کی تمام اسکیمیں، آتے ہیں تو آنسو گیس کے شیل لے کر آتے ہیں جیسے پرانے زمانے میں سنٹرل ایشیا سے لوگ پنجاب پر حملہ کرنے کے لئے آتے تھے، اس طرح کے خواب دیکھنا چھوڑ دو اور وہاں کی عوام کی خدمت کرو۔



















