اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاک ملائیشیا تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے جاری کردہ پیغام میں ملائیشین ہم منصب کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کو گہرا کرنے پر ملائیشیا کے وزیراعظم کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کے منتظر ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم کا دورہ پاکستان امن، خوشحالی اور علاقائی ترقی کے لئے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان اور ملائیشیا دونوں کے روشن مستقبل کی تعمیر کے لئے مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، تاہم وزیراعظم شہبازشریف نے نور خان ایئربیس پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا استقبال کیا جبکہ انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔
پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی دی، تاہم اعلیٰ سطح کا وفد بھی ملائیشیا کے وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔



















