پاکستان میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے مشن چیف ناتھن پورٹر نے کہا ہے کہ پاکستان ایمانداری سے معاشی تجاویز پر عمل کرے تو یہ اس کا آخری قرض پروگرام ہو سکتا ہے۔
آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2023 کے وسط میں پاکستان کی معیشت نے جو اتار چڑھاؤ اور بے یقینی دیکھی تھی اس کے بعد ملک میں معاشی استحکام آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے معیشت کو آگے بڑھانے کے لئے ایک اچھی بنیاد مل سکتی ہے اور اگر پاکستان ایمانداری سے معاشی تجاویز پر عمل کرے تو یہ اس کا آخری پروگرام ہو سکتا ہے۔
قرض کی سخط شرائط کے سوال پر آئی ایم ایف مشن چیف کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کے درپیش مخصوص مسائل کو مدنظر رکھا جاتا ہے اور ان کے حل بتائے جاتے ہیں، پاکستان کا موجودہ پروگرام بھی مختلف نہیں اور نہ ہی یہ زیادہ سخت ہے۔
ناتھن پورٹر نے اسپیشل اکنامک زونز کو خصوصی رعایتیں دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کاروباری اداروں کے لئے مراعات کو معاشی اہداف کے لئے حصول میں مدد گار تصور نہیں کرتا۔



















