کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کھجور کی برآمدات سے ہم بہترین زرمبادلہ کما سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے انٹرنیشنل کھجور فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، پاکستان عالمی مارکیٹ میں بہترین کردار ادا کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھجور کی بہترین کاشت ہورہی ہے، کھجور کی برآمدات سے ہم بہترین زرمبادلہ کماسکتے ہیں، کھجور و زرعی اجناس کے لیے خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ کا خوش آئند ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے یواے ای قونصلیٹ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، کھجور کے تاجروں کا مصنوعات کی نمائش کے لیے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ کھجور عالمی سطح پر سب سے اہم فصلوں میں سے ایک ہے، کھجور اقتصادی قدر بلکہ غذائیت کے لیے مشہور ہے، کھجوریں غذائی اجزا، وٹامنز، معدنیات سے بھری ہوتی ہے، کھجورکی کاشت 2 لاکھ 52 ہزار سے زائد رقبہ پر ہوتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ 2022 میں ہماری کھجور کی پیداوار 7 لاکھ 30 ہزارٹن تھی، پاکستان کھجور کی کاشت، پیداوار کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر ہے، ہمارا ملک کھجور مقدارکے لحاظ سے تیسرا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے، کھجور کی فصل خیرپور، تربت، پنجگور، ڈیرہ اسماعیل خان، مظفر گڑھ اور جھنگ میں پائی جاتی ہے، سندھ کھجورکی پیداوارمیں سرفہرست ہے۔



















