وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام سے ہماری معیشت مضبوط ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا دورہ پاکستان بہت کامیاب رہا، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے خارجہ پالیسی محاذ پر بے پناہ کامیابیاں حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے ساتھ ہمارے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں، ملائیشیا کے وزیراعظم نے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے معاملات کو آگے بڑھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی، پاکستان سے ملائیشیا کے لئے حلال گوشت اور چاول کی برآمدات کو بڑھایا جائے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ملائیشیا کو ایک لاکھ ٹن چاول برآمد کیا جائے گا، پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، عالمی رہنماﺅں کے دورہ پاکستان سے معیشت مزید مستحکم ہوگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک سے وفود کے دورے پاکستان کی معیشت کے لئے اہم ہیں، تجارت کو فروغ دیا جا رہا ہے، پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارہ ممالک کے سربراہان پاکستان کا دورہ کریں گے، اسلام آباد کو ایس سی او کانفرنس کے لئے سجایا جا رہا ہے، پاکستان دنیا کے لئے تجارت کی ایک بہترین منڈی ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری خارجہ پالیسی کامیابی سے جاری ہے، پاکستان کے بارے میں ہر ملک مثبت بات کر رہا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا، مخالفین نے بھی وزیراعظم کی اقوام متحدہ میں تقریر کو سراہا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی تقریر کو عالمی سطح پر سب سے زیادہ دیکھا گیا، وزیراعظم اقوام عالم کے سامنے مسلمانوں کی آواز بنے، ماحولیاتی تغیر کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو کو اٹھانا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دہشت گردی کا معاملہ دنیا کے سامنے اٹھایا، آئی ایم ایف پروگرام سے ہماری معیشت مضبوط ہو رہی ہے، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک نے ہماری معاشی ترقی کی تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ فائلرز کی تعداد میں اضافے کا معیشت پر مثبت اثر پڑے گا، بلوم برگ نے پاکستانی سٹاک مارکیٹ کی تعریف کی، عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارے میں کمی ہوئی، وزیراعظم کی کارکردگی کی پوری دنیا معترف ہے، مہنگائی کم ہو کر 6.9 فیصد پر آ چکی ہے۔



















