صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسپن وام، شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے دفاع وطن کی خاطر عظیم قربانی پیش کرنے پر لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت تمام بہادر جوانوں کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔
صدر مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اظہار کیا اور شہید جوانوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے تمام شہداء کیلئے بلندی درجات، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
یاد رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت 6 جوان بھی شہید ہوگئے۔



















