Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایئرپورٹ کے قریب دھماکہ ناقابل برداشت ہے، ایسے واقعات نہیں ہونے چاہیے؛ وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایئرپورٹ کے قریب دھماکہ ناقابل برداشت ہے، ایسے واقعات نہیں ہونے چاہیے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت امن و امان کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، انسپیکٹر جنرل پولیس غلام نبی میمن اور  ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبہ بھر بالخصوص شہر کراچی پر امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ کے قریب دھماکہ ناقابل برداشت ہے، ایسے واقعات نہیں ہونے چاہیے، پولیس اور دیگر امن و امان نافذ کرنے والے ادارے انٹیلی جنس کا کام تیز کریں۔

مراد علی شاہ نے تمام امن و امان نافذ کرنے والے اداروں کو آپس میں کوآرڈیشن مزید مستحکم کرنے کی ہدایت دی۔

ان کو امن و امان نافذ کرنے والے اداروں نے ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے، مشترکہ کمیٹی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کی مل کر تحقیقات کرے گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں ائیرپورٹ کے قریب رات گئے دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں چینی باشدوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہوئے۔

متعلقہ خبریں