Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیرِ اعظم کا بجلی صارفین پر آئی پی پیز کی کیپسٹی پیمنٹس کے بوجھ کو ختم کرنے کیلئے بڑا اقدام

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بجلی صارفین پر آئی پی پیز کی کپیسٹی پیمنٹس کے بوجھ کو ختم کرنے کیلئے بڑا اقدام کیا ہے۔

شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ نے آئی پی پیز معاہدوں کو ختم کرنے کا آغاز کر دیا، اس اقدام سے بجلی صارفین کو 60 ارب روپے سالانہ کا فائدہ اور بجلی کے فی یونٹ نرخ میں کمی واقع ہوگی، مجموعی طور پر ملکی خزانے کو 411 ارب روپے کی بچت ہو گی۔

اس حوالے سے وزیرِ اعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت استحکام کی جانب تیزی سے گامزن ہے، پارٹی کے منشور میں عوامی ریلیف کیلئے دن رات محنت کرنے کے وعدے کو وفا کر دیا، پہلے مرحلے میں 5 آئی پی پیز کے ساتھ بجلی خریدنے کا معاہدے ختم کر رہے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ بجلی صارفین کو سالانہ 60 ارب اور مجموعی طور پر  ملکی خزانے کو 411 ارب روپے کی بچت ہوگی، بجلی شعبے میں دیگر آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر بتدریج نظر ثانی کرکے ٹیرف میں کمی لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے ہمیشہ کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی لا کر عوام کو ریلیف دیا جائے، اپنے قائد میاں نواز شریف کی قیادت میں عوامی ریلیف کیلئے دن رات محنت کو اپنا شعار بنایا، عوام نے اس عرصے میں بڑی قربانی دی، وقت آگیا ہے کہ عوام کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 30 فیصد سے زائد تھی، 6.9 فیصد پر آنے سے عوام کو ریلیف ملا، اللہ کے فضل و کرم اور معاشی ٹیم کی محنت سے 2025 کا 7 فیصد کا ہدف 2024 میں ہی حاصل کر لیا گیا، 5 آئی پی پیز مالکان نے ملکی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دی اور رضاکارانہ طور پر ان معاہدوں کو حکومت کے ساتھ ختم کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ان 5 آئی پی پیز نے بارش کے پہلے قطرے کی مانند عوامی ریلیف کے شروعات میں کلیدی کردار ادا کیا، مجھ سمیت پوری کابینہ ان آئی پی پیز مالکان کے شکر گزار ہیں، بجلی شعبے کی اصلاحات کیلئے قائم کردہ ٹاسک فورس اور وفاقی کابینہ کے اراکین اس کوشش کیلئے لائقِ تحسین ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ حالیہ گرمیوں میں وفاق اور وزیرِ اعلی پنجاب نے بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا، عوام سے کئے گئے اپنے ہر وعدے پر قائم ہوں، سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا، گزشہ سہ ماہی میں 8.8 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلاتِ زر سمندر پار پاکستانیوں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنی محنت کی کمائی پاکستان بھیجنے والے ہمارے بیرونِ ملک مقیم عظیم پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں۔

متعلقہ خبریں