وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان چینی شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔
چینی وفد کی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے ملاقات ہوئی۔
چائنا پاور ریسورسز کے چیئرمین جناب ژونگ ہائشیانگ اور پورٹ قاسم پراجیکٹ کے چیئرمین جناب ہی شیویو نے وفد کی قیادت کی۔
کراچی میں چینی اہلکاروں پر حملے کے بعد سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے چینی اہلکاروں پر حملے اور دو چینی کارکنوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق چینی کارکنوں کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، حکومتِ پاکستان چینی شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی نے کہا کہ کراچی حملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں، ذمہ داران کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی کارکنوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، سی پیک منصوبوں کی کامیاب تکمیل اور باہمی تعاون کے فروغ کا عزم کرتے ہیں۔



















