کراچی: شاہراہ فیصل سندھی مسلم سوسائٹی میں ریسٹورنٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
آگ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ جائے وقوعہ پر پہنچی تو آگ نے ریسٹورنٹ کی دوسری منزل کو لپیٹ میں لے رکھا تھا، ابتدائی طور پر دو گاڑیاں موقع پر پہنچی تھی۔
آگ کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کی گئی۔
کے ایم سی فائر بریگیڈ کی 6 اور ریسکیو 1122 کی دو گاڑیوں نے آپریشن میں حصہ لیا۔
فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہے، جب آگ لگی اس وقت ریسٹورنٹ میں لوگ بھی موجود تھے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ریسٹورنٹ میں موجود افراد کو فوری ریسکیو کرلیا گیا تھا۔
ترجمان واٹر کارپورشن نے کہا کہ سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے نیپا ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی، حادثے کے مقام پر پانی سے بھرے ٹینکرز روانہ کر دیے گئے ہیں۔
سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کا کہنا ہے کہ انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر برگیڈ اور ریسکیو 1122 حکام سے مکمل رابطے میں ہیں، فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل جائے وقوعہ پر موجود ہے اور آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پائے جانے تک فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کو پانی کے ٹینکرز فراہم کیے جائیں گے۔



















