چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ حکومت نمبر پورے ہونے کے باوجود تمام جماعتوں سے مشاورت چاہتی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کا تفصیلی اجلاس ہوا، پیپلز پارٹی کا مسودہ ہم نے کمیٹی میں پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے وکلاء تنظیموں کے صدر سے ہونے والی مشاورت اور تجاویز سے آگاہ کیا، آئینی عدالت اور ججوں کے تقرر کے طریقہ کار کے حوالے سے وکلاء تنظیموں کا موقف پیش کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے اپنی تجاویز پیش کیں، اپوزیشن جماعتوں نے بھی آئینی ترمیم پر تبصرہ کیا، مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر متفقہ مسودہ تیار کرنے کا عظم دہرایا، امید ہے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بامعنی گفتگو ہو گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ حکومت بھی پر عزم ہے، وزیر قانون نے واضح کیا کہ دو تہائی اکثریت کیلئے نمبر پورے ہیں، حکومت نے واضح کیا کہ نمبر پورے ہونے کے باوجود وہ تمام جماعتوں سے مشاورت چاہتی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اظہار خیال
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کمیٹی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور آئین کی خاطر ہم سب کو لچک دکھانا ہوگی، پارلیمنٹ کی بالادستی، جمہوریت کے لیے اہم قانون سازی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کسی شخص کو فائدہ دینے والی کوئی سوچ نہیں، ہم سب اداروں کی مضبوطی چاہتے ہیں، میں سب جماعتوں سے درخواست کرتا ہوں اتفاق رائے کی طرف آئیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کل نوازشریف سے مثبت اور تعمیری بات چیت ہوئی، نواز شریف بھی پارلیمنٹ، جمہوریت کی مضبوطی چاہتے ہیں۔



















