Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہر قسم کی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پُرعزم ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر قسم کی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پُرعزم ہیں۔

محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع دکی میں کان کنوں پر دہشتگردوں کے حملے کے واقعے پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔

انہوں نے کان کنوں پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور جاں بحق کان کنوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر قسم کی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پُرعزم ہیں، دہشتگردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، وفاقی حکومت شہداء کے خاندانوں کی ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

محمد شہباز شریف نے واقعے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

وزیراعظم نے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے دکی میں مقامی کوئلے کی کانوں پر مسلح افراد کے حملوں میں 20 کان کن جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے دکی کے ڈسٹرکٹ چیئرمین حاجی خیر اللہ کی کوئلہ کانوں پر راکٹ دستی بم سے حملہ کیا اور وہاں موجود کان کنوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 20 کان کن جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ حملہ آوروں نے مشینری کو بھی آگ لگا دی، تاہم حملے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں سے 3 کا تعلق پشین، ایک کا کچلاک، 4 کا قلعہ سیف اللہ، 3 کا ژوب اور ایک کا لورالائی سے ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق میں ژوب سے عبدالمالک، مولاداد، سیداللہ، جلال، فضل اور روزی خان شامل ہیں جبکہ نصیب اللہ، سمیع اللہ، نصیب اللہ کا تعلق قلعہ سیف اللہ سے تھا۔

اس کے علاوہ ملنگ، حمداللہ اور عبداللہ ضلع پشین کے رہائشی تھے جبکہ بسم اللہ کا تعلق کچلاک اور جلات خان کا تعلق لورالائی سے تھا، تاہم صمد خان ضلع موسیٰ خیل اور ولی محمد تحصیل شاہرگ کے رہائشی تھے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔

متعلقہ خبریں