Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ٹی آئی ملک دشمن ایجنڈے پر گامزن ہے، خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ملک دشمن ایجنڈے پر گامزن ہے۔

 وزیردفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو دوبارہ احتجاج کی کال دی ہے، پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کا بڑا اجلاس ہونے جا رہے ہیں، یہ لوگ اب اس اہم اجلاس کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ شاندانہ گلزار نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نہیں تو پاکستان نہیں، پی ٹی آئی کی ذہنیت یہ ہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی نہیں تو پاکستان نہیں، یہ جو احتجاج کی کال آئی ہے اسی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ میں رہوں یا نہ رہوں یہ سرزمین رہنی چاہیے، یہ سوچ ہونی چاہیے، یہ ہر چیز کا حوالہ بانی پی ٹی آئی کو بنانا چاہتے ہیں، یہ 9 مئی دوباہ برپا کرنا چاہتے ہیں، ہمارا کہنا ہے پاکستان نہیں تو ہم نہیں۔

وزیردفاع نے کہا کہ یہ بانی پی ٹی آئی کا حوالہ دیتے ہیں، انکا کہنا ہے خان نہیں تو پاکستان نہیں، بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل سے آرمی چیف کے خلاف ٹوئٹ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آخری لمحات میں وزیراعلیٰ کے پی غائب ہو گئے، چینی صدر 2014 میں پاکستان آرہے تھے اسوقت بھی پی ٹی آئی نےدھرنا دیا، ایک وزیراعلیٰ نے صوبے کی تمام ترمشینری وفاق کیخلاف استعمال کی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عدلیہ پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال کا نوٹس لے، پاکستان اور پی ٹی آئی کے درمیان تنازعے میں ہم پاکستان کیساتھ ہیں، ہماری عدالتوں نے دھڑا دھڑ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دیاہے، ہماری عدالتوں نے بانی پی ٹی آئی کو جتنا ریلیف دیا کسی اور کو نہیں دیا۔

وزیردفاع نے کہا کہ یہ ساری سہولتیں بانی پی ٹی آئی کو عدلیہ نے مہیا کی ہیں، یہ لوگ پاکستان پر یلغار کر رہے ہیں،عدلیہ نوٹس لے، وزیراعلیٰ کے پی کا سافٹ ویئر کہاں اپڈیٹ ہوا یہ الگ ڈرامہ ہے، انہوں نے کبھی دہشت گردی کی مذمت نہیں کی، انہوں نے ہزاروں کی تعداد میں دہشتگرد پاکستان لاکر بسائے، انکا کوئی لیڈر شہداء کے جنازوں میں نہیں جاتا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اسرار، حکیم سعید نے کہا تھا بانی پی ٹی آئی اسلام دشمنوں کے ایجنٹ ہیں، پی ٹی آئی ملک دشمن ایجنڈے پر گامزن ہے، ان کا ایک ہی مطالبہ ہے بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔

متعلقہ خبریں