Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عظمیٰ بخاری کا پی ٹی آئی پر اپنے ارکان کو اغواء کرنے کا دعویٰ

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی پر اپنے ارکان کو اغواء کرنے کا الزام عائد کردیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے ارکان کو اغوا کرکے کے پی میں رکھا ہوا ہے جب کہ ان کے اپنے لوگ ایم این ایز اور ایم پی ایز کو اغوا کر رہے ہیں۔

عظمی بخاری نے دوران پریس کانفرنس ایک ایم این اے جاوید وڑائچ کے رشتہ دار اور بزنس پارٹنر کا ویڈیو بیان بھی چلایا جس میں انہوں نے تحریک انصاف پر ان کے اغوا کا الزام عائد کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا ایس سی او تک کوئی احتجاج نہیں ہوگا جب کہ ایس سی او اجلاس کے موقع پر اسلام آباد کی خوبصورتی کے لئے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں اور وزیراعظم نے گذشتہ رات خود اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت ملک کی ترقی اورخوشحالی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے جب کہ پی ٹی آئی نے بھارتی وزیرخارجہ کو بھی اپنے احتجاج میں بلایا اور بھارتی وزیرخارجہ سے اپنے ایجنڈے کو سپورٹ کرنے کا کہا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس سی او پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ایجنڈا ہے، پی ٹی آئی کو اعلان جنگ کا جواب ویسے دیا جائے گا جیسے دیا جانا چاہیے، پنجاب کی عوام نے اس جماعت کی احتجاج کی کال کو مسترد کردیا ہے۔ یہ جو انقلاب لانا چاہتے ہیں، ان میں ہمت ہے تو خود اس کو لیڈ کریں۔

عظمیٰ بخاری کہتی ہیں کہ تحریک فساد نے ریاست پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کیا، احتجاج کی سیریل دوبارہ شروع کی جارہی ہے جب کہ پنجاب کے لوگ ان کے احتجاج میں دلچسپی نہیں رکھتے، پارٹی کے نئے سیکرٹری اطلاعات فارم ہاؤس سے ورک فرام ہوم کرتے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ کل اس سیکرٹری اطلاعات نے اسلام آباد پر یلغار کا اعلان کیا، یہ سیاسی جماعت بہت سے نامعلوم کام کررہی ہے اور اس جماعت کی احتجاج کی کال بھی نامعلوم مقام سے آئی ہے جب کہ کل تحریک فساد نے ریاست کے خلاف اعلان جنگ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا کپتان دوسرے ممالک سے تعلقات کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے، تحریک انصاف ملک مخالف ایجنڈے پر کاربند ہے جب کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ ملک کی ترقی کے خلاف کام کیا اور 2014 میں دھرنوں سے سی پیک ایک سال تاخیر کا شکار ہوا۔

عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں سالوں بعد بہت بڑی کانفرنس ہونے جارہی ہے، ایک پارٹی ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کےخلاف کام کرتی رہی ہے۔ یہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں لیکن اس بار کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا ملک میں فتنہ فساد کرنے کا ٹریک ریکارڈ ہے، کہتے ہیں خطرہ ہے، ان کو خطرہ خود سے ہے۔ کل تحریک فساد نے پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے جب کہ پی ٹی آئی ایک دہشت گرد جماعت ہے۔

متعلقہ خبریں