آئینی ترامیم سے متعلق جے یو آئی(ف) کا مسودہ منظر عام پر آگیا ہے۔
جے یو آئی (ف) نے مسودے میں آئین میں 24 ترامیم تجویز کی ہیں، جے یو آئی نے تجویز کیا کہ آرٹیکل 38 میں ترمیم کی جائے، سرکاری ونجی سطح پر یکم جنوری2028 سے سود کا مکمل خاتمہ کیا جائے، ملک میں اسلامی مانیٹری سسٹم متعارف کرایا جائے۔
مسودے میں تجویز کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 175 اے میں ترمیم کی جائے، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس میں آئینی بینچ تشکیل دیا جائے۔
مجوزہ ترمیم کے مطابق آئینی بینچ کو آئینی تنازعات یا تشریح کا اختیار ہو گا، صوبائی آئینی بینچ کے فیصلوں کے خلاف اپیل سپریم کورٹ بینچ میں ہوگی، صدر کی جانب سے بھیجے گئے سوال کی سماعت آئینی بینچ میں ہوگی۔
جے یو آئی نے تجویز کیا کہ 175 اے میں ترمیم، 19ویں ترمیم کا خاتمہ، 18ویں ترمیم کی مکمل بحالی ہو گی، آرٹیکل 203 میں ترمیم ہو گی، حدود کے ساتھ قصاص اور دیت میں اضافہ کیا جائے گا، ایک سال میں اسلامی نظریاتی کونسل کی رپورٹس کا جائزہ، قانون سازی کرنا ہو گی۔
جے یو آئی نے تجویز کیا کہ آرٹیکل 243 میں ترمیم ہو گی، انسداد دہشت گردی ایکٹ کی شق 14،13 ،12کا استعمال متاثرہ علاقوں میں کیا جائے، پارلیمانی کمیٹی چیئر مین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی تشکیل دیں، پارلیمانی کمیٹی سفارشات صدر کو بھیجے۔



















