Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ٹی آئی کا نام نہاد احتجاج کا اعلان دھمکی کے سوا کچھ نہیں، عطا تارڑ

وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا نام نہاد احتجاج کا اعلان دھمکی کے سوا کچھ نہیں۔

 وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا، ملائیشیا کے وزیراعظم کے بعد سعودی عرب کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ چینی قیادت کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان سے بےپناہ محبت ہے، پاکستان اب تنہائی کا شکار نہیں، پاکستان کی معیشت مثبت سمت پر گامزن ہے، دنیا میں پاکستان کی معیشت کو مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ مہنگائی کی شرح کم ہو کر 6.9 فیصد تک گرچکی ہے، آئی ٹی کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، بلومبرگ نے پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیا ہے، دنیا کے مالیاتی ادارے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔

 وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں 64 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری آئی، سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کا قیام عمل میں لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ چینی وزیراعظم کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، 27 سال کے بعد پاکستان میں بہت بڑا عالمی ایونٹ ہو رہا ہے، ایس سی او میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا جائے گا، اسلام آباد میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا جائے گا، ایس سی او کانفرنس کیلئے جدید سہولت سینٹر میڈیا کیلئے قائم کیا گیا، سہولت سینٹر میں صحافیوں کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس سے مزید سرمایہ کاری آنے کے مواقع پیدا ہوں گے، پاکستان کی خارجہ پالیسی کامیابی سے جاری ہے، پی ٹی آئی کا نام نہاد احتجاج کا اعلان دھمکی کے سوا کچھ نہیں، انا پرستی کبھی بھی حب الوطنی پرغالب نہیں آسکتی، جو لوگ شہدا کی یادگاروں پر حملہ کر سکتے ہیں ان سے کچھ بعید نہیں۔

متعلقہ خبریں