امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ٹیکساس کے درمیان آئی ٹی، زراعت، ٹیکسٹائل اور کھیل سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط شراکت داری قائم کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے ٹیکساس کے تین روزہ دورے کے دوران ڈیلاس اور ہیوسٹن میں ٹیکساس کی قیادت، تاجر برادری اور پاکستانی تارکین وطن سے ملاقاتیں کی ہیں۔
پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے ٹیکساس کا دورہ کیا، جہاں انہوں ہیوسٹن میں پہلے پاکستان لٹریچر فیسٹیول کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ریاست ٹیکساس سے اقتصادی تعاون کے فروغ کی غرض سے پاکستانی سفیر رضوان سعید نے ٹیکساس اور اسماعیلی کمیونٹی کی کی قیادت سے ملاقات کی۔
رضوان سعید نے اسماعیلی کمیونٹی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی معیشتوں کے لیے اقتصادی راہداری فراہم کرنے لئے تیار ہے۔
دوسری جانب سفیر پاکستان اور رکن کانگریس آل گرین نے طبی آلات کے دو کنٹینرز پاکستان بھیجنے کی تقریب میں شرکت کی۔
اس کے علاوہ سفیر رضوان سعید نے ابن سینا فاؤنڈیشن کلینکس کا بھی دورہ کیا، گریٹر ہیوسٹن میں فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم خدمات پر انکو بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران سفیر پاکستان کی رکن کانگریس لانس کارٹر گوڈن سے بھی ملاقات ہوئی جس میں پاک امریکہ تعلقات، علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رضوان سعید نے پاکستان چیمبر آف کامرس-یو ایس اے سے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان کی تجارتی صلاحیت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے مادر وطن اور میزبان ملک کے لئے پاکستانی تارکین وطن کی خدمات کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ پاکستان اور ٹیکساس کے درمیان آئی ٹی، زراعت، ٹیکسٹائل اور کھیل سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط شراکت داری قائم کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 25 کروڑ کی مارکیٹ کے ساتھ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ دنیا کی بڑی معیشتوں کے لیے اقتصادی راہداری کے طور پر کام کر سکتا ہے، امریکہ میں مقیم پاکستانی امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔



















