وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے غزہ اور لبنان کے لیے امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان این ڈی ا یم اے کے مطابق جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ کراچی سے امدادی سامان کی 12ویں کھیپ روانہ کی گئی ہے، پاکستان کی جانب سے غزہ کے لیے 10 جبکہ لبنان کے لیے دو امدادی کھیپیں روانہ کی جا چکی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ لبنان کے لیے دوسری امدادی کھیپ میں ادویات، تیار گوشت، خیمے، ترپال، گرم بستر، گرم کپڑے اور خشک دودھ شامل ہیں، لبنان کے جنگ زدہ عوام کی ضروریات کے مطابق 100 ٹن امدادی سامان روانہ کیا گیا ہے۔
این ڈی ا یم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام فلسطینی اور لبنانی بہن بھائیوں تک اپنی عطیات پہنچانے کے لیے غزہ اور لبنان کے لیے وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کروا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ابھی تک 12 امدادی کھیپوں کے ذریعے 1254 ٹن امدادی سامان فلسطین اور لبنان روانہ کیا جا چکا ہے۔



















