Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بہن بیٹیوں کے خلاف گھٹیا پروپگنڈے کرنا تحریک انصاف کا وطیرہ ہے، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بہن بیٹیوں کے خلاف گھٹیا پروپگنڈے کرنا تحریک انصاف کا وطیرہ ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے احمد خان بھچر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھچر صاحب تحریک انصاف کے آفیشل پیج سے طلباء کو اشتعال کی ترغیب دی گئی، انصاف اسٹوڈنٹ ونگ کے لوگ مار دھاڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث پائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھچر صاحب آپ اتنے سیدھے اور بھولے بھالے نہیں جتنے بننے کی کوشش کر رہے ہیں، انصاف اسٹوڈنٹ ونگ کے سابق عہدیدار خود طلباء کو اشتعال دلاتے رہے ہیں، میڈیا کا زمانہ ہے ویڈیو موجود ہیں، آپ کی جماعت نے پلاننگ کے تحت ایک بچی اور اس کے خاندان کی عزت اچھالی۔

ان کا کہنا تھا کہ بہن بیٹیوں کے خلاف گھٹیا پروپگنڈے کرنا تحریک انصاف کا وطیرہ ہے، تحریک انصاف کے اس پروپگنڈے کا شکار مریم نواز اور میں خود متعدد بار ہو چکے ہیں، ایک جماعت کی گھٹیا مہم کے بعد طلبہ کو احتجاج کے لیے نکالا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے تمام شہروں میں حالات معمول کے مطابق ہیں، پولیس امن و مان کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو پنجاب میں امن و امان خراب کرنے یا اشتعال پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جن لوگوں نے اس سارے معاملے میں پروپگنڈا کیا فیک معلومات پھیلائی ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا چاہے ان کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو۔

متعلقہ خبریں