وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کاشتکاروں اور تاجروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول یقینی بنانے کے لئے نئے ادارے کا پہلا اجلاس ہوا جس میں تفصیلی بریفننگ دی گئی۔
مریم نواز شریف نے چھ ماہ میں ایس ایم یو کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے عالمی معیار کے مطابق نئے پرائس کنٹرول میکنزم کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں گندم اور دیگر اجناس کی پیداوار ، دستیابی اور دیگر امور کے تحت نرخ مقرر کرنے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔
امپورٹڈ پام آئل پر انحصار کم کرنے کے لئے سن فلاور، سویابین اور کینولا کی کاشت بڑھانے کے لئے ضروری اقدامات کا حکم دیا گیا۔
ہر شہر میں ٹماٹر، پیاز اور دیگر کی ضروریات پوری کرنے کے لئے مقامی کاشت بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔
مارکیٹ کے نرخ میں استحکام کے لئے فور کاسٹ بلیٹن جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایس ایم یو کے تحت پرائس کنٹرول کے لئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس استعمال کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔
کاشتکاروں کو براہ راست خریدار سے منسلک کرنے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا جبکہ منڈیوں میں کاروبار کرنے والوں کو رجسٹر کرنے کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔
مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پرائس کنٹرول میکنزم پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔
بریفننگ میں کہا گیا کہ گھی اور خوردنی تیل کے نرخ میں اضافے کا سبب عالمی مارکیٹ میں پام آئیل کے نرخ میں اضافہ ہے، جدید ٹیکنالوجی سےگندم اور دیگر اجناس کی فصل کی پیداوار کا پیشگی تعین کیا جائیگا، گندم خریداری نہ ہونے سے ملکی معیشت اور عوام کےلئے مثبت اثرات سامنے آئے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عام آدمی کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں اور تاجروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، گندم اور آٹا کے نرخ کے اتار چڑھاؤ اور مارکیٹ ڈائنامکس پر کڑی نظر رکھی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاشتکار اور عوام کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کئے جائیں گے، ایس ایم یو میں قابلیت کے مطابق صرف اور صرف میرٹ پر افسر تعینات کئے جائیں۔
اجلاس میں سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، چیئرمین ٹاسک فورس سلمی بٹ، ایم پی اے ثانیہ عاشق ، چیف سیکرٹری ، پرنسپل سیکرٹری ، سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔



















