وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کے مسودے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ، اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کی تاخیر کی وجہ پی ٹی آئی وفد کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی ٹیم بانی پی ٹی آئی سے اجازت لینے اڈیالہ جیل گئی ہے، تحریک انصاف کے وفد کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں ملے گی، بانی پی ٹی آئی کا وطیرہ نہیں کہ وہ کسی کے ساتھ بیٹھیں اور بات کریں، 2014 سے ان کا ایجنڈا مسائل پیدا کرنا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کے مسودے پر اتفاق کیا ہے، معمولی فرق کے ساتھ ہم نے جے یو آئی ف کا مسودہ اپنایا ہے، ہم نے مولانا فضل الرحمان کو منانے کی کوشش کی، وہ نہیں مانے تو ہم مان گئے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ مولانا کی کوشش ہے کہ وہ پی ٹی آئی کو بھی منا لیں، مولانا کی کوشش اچھی ہے، میرا اندازہ ہے مولانا کی کوشش رائیگاں جائے گی، مولانا کو اب اپنے مسودے کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔



















