اسلام آباد: آکسفورڈ یونیورسٹی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی ساکھ کو شدید دھچکا لگ گیا۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کی دوڑ سے بانی پی ٹی آئی کے باہر ہونے کی وجوہات پر برطانوی و عالمی میڈیا میں کوریج کی جارہی ہے۔
عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ چانسلر الیکشن کی دوڑ سے باہر ہونا بانی پی ٹی آئی کی ساکھ کے لئے شدید نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔
چانسلر الیکشن کی نااہلی کے مختلف پہلوؤں پر بحث کی جارہی ہے، عالمی میڈیا میں مضمونوں کا انبار لگ گیا ہے۔ عالمی میڈیا میں گرما گرم بحث کی جارہی ہے کہ سرکاری تحائف کو بیچنا اور ریاستی راز افشا کرنا بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کا باعث بنا۔
عالمی میڈیا نے رائے دی ہے کہ میٹرکس چیمبرز (ہیو ساؤتھی کنگز کونسل) کی قانونی بانی پی ٹی آئی کو لے بیٹھی، برطانوی قانون دانوں کی ٹاپ کلاس کیٹیگری “کنگز کونسل” کی قانونی رائے بانی پی ٹی آئی کے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا امیدوار بننے میں اصل رکاوٹ بنی۔
عالمی اخبارات نے دعویٰ کیا ہے کہ کنگز کونسل ہیو ساؤتھی کی باضابطہ قانونی رائے نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیت کو مشکوک بنا دیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کے انتخابی قوانین کا تفصیلی حوالہ دے کر ہیو ساؤتھی نے قرار دیا کہ بانی پی ٹی آئی کرپشن کیسز میں سزا یافتہ ہونے کی وجہ سے چانسلر کے منصب کیلئے نااہل ہیں، سرکردہ کنگز کونسل ہیو ساؤتھی کی قانونی رائے کو نظر انداز کرنا آکسفورڈ یونیورسٹی کیلئے ممکن نہ تھا۔
گلوب بینر کا تجزیہ ہے کہ جو شخص یونیورسٹی کی سربراہی کیلئے نااہل ہے وہ 24 کروڑ عوام کے ملک کی حکومت کی سربراہی کیلئے اہل کیسے؟
بانی پی ٹی آئی کی نااہلی دی گارجین، ٹیلیگراف، ڈیلی میل، بی بی سی اور دی انڈیپینڈنٹ سمیت 2 درجن سے زائد عالمی اخبارات و جرائد میں شہ سرخیاں بنی ہوئی ہے۔
گلوب بینر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ریاستی راز افشاء کرنے کے الزام میں سزا یافتہ ہیں چانسلر جیسے عہدے کے اہل نہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑنے سے نااہلی نے بانی پی ٹی آئی کا سیاسی مستقبل داغدار کر دیا۔
عالمی میڈیا نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ چانسلر الیکشن میں اوسط درجے کے امیدوار لسٹ میں شامل لیکن بانی پی ٹی آئی غائب! فہرست میں شامل کئی ناموں کا بانی پی ٹی آئی کی نااہلی سے دلچسپ موازنہ بھی سامنے آ گیا۔
عالمی میڈیا نے کہا کہ لاہور کی غیر معروف خاتون وکیل، منہاج یونیورسٹی کا پروفیسر اور ایمازون کا ویئر ہاؤس ورکر اہل لیکن بانی پی ٹی آئی نااہل قرار دیے گئے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی گلوب بینر سے گفتگو بھی ٹاپ اسٹوری بن گئی۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کریمنل کیس میں سزا یافتہ ہونے کی وجہ سے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب سے ڈس کوالیفائی ہوئے، آکسفورڈ یونیورسٹی کی چانسلر شپ کیلئے نااہل قرار دیا گیا شخص ایک ملک کی حکومت کیلئے کیسے اہل ہو سکتا ہے۔
وزیر قانون نے مزید کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب میں نااہلیت بانی پی ٹی آئی کی پارٹی سربراہی اور حکومت کی سربراہی کیلئے بھی خطرہ بن گئی ہے۔
برطانوی ماہر قانون ہاگ سوتھی نے رائے دی کہ کریمنل کیس میں سزا یافتہ بانی پی ٹی آئی آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑنے کا اہل نہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق بانی پی ٹی آئی متنازع سیاستدان ہونے کی وجہ سے آکسفورڈ یونیورسٹی چانسلر کے الیکشن سے باہر ہوا۔
گلوب بینر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو چانسلر کا الیکشن لڑنے سے نااہل قرار دینے کی خبر سب سے پہلے آکسفورڈ میل نے بریک کی۔



















