Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے عدلیہ کی عزت بحال کی، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے عدلیہ کی عزت بحال کی، وہ عزت سے گھر جا رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم ووٹ کو عزت دے رہے ہیں، ووٹ کو عزت جج نہیں دیتے یہ پارلیمنٹ دیتی ہے، آج کی ترمیم ہمارے مشن کی تکمیل کی سب سے بڑی نشانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج یہ ترامیم اقتدار 17 لوگوں سے لے کر منتخب نمائندوں کو دے رہی ہے، ایک کرنل کے کہنے پر جس جج نے مجھے نااہل کیا تھا وہ سپریم کورٹ کے بینچ میں بیٹھا ہے، آٹھ بندوں نے گزشتہ آٹھ سے نو ماہ کے دوران پارلیمنٹ کے خلاف گینگ بنا لیا، تین بندوں کے پینل میں سے اگر چیف جسٹس سن لیا جائے گا تو کیا قیامت آ جائے گی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہم میثاق جمہوریت کی روح پر عمل کر رہے ہیں جس پر بانی پی ٹی آئی نے بھی دستخط کیے تھے، مولانا فضل الرحمن اور محمود خان اچکزی نے بھی دستخط کیے تھے، ہم نے اتفاق رائے کی خاطر آئینی عدالتوں کے بجائے آئینی بینچز پر اتفاق کیا۔

انکا کہنا تھا کہ ہماری عدلیہ کا دنیا میں 140واں نمبر ہے، صرف سپریم کورٹ میں 60 سے 65 ہزار کیسز زیرالتوا ہیں، ارکان پارلیمنٹ دو سے سوا دو لاکھ روپے تنخواہ لیتے ہیں پینشن بھی کوئی نہیں ہے، ججز کی 16، 16 لاکھ روپے تنخواہ ہے اور ریٹائرمنٹ کے بعد 16 لاکھ پینشن بھی ملتی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سب سے زیادہ گالیاں بھی ارکان پارلیمنٹ کو پڑتی ہیں، سیاست دانوں کو کیا جاتا ہے، قید بھی سیاستدان بھگتیں، یہ ججز کیا آسمان سے اترے ہیں جو ان کا احتساب نہیں کیا جا سکتا، ججز کا احتساب یہ پارلیمنٹ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وقت اور پارٹیاں بدلنے کے ساتھ انسان کا ضمیر نہیں بدلنا چاہیے، جو چار ارکان آئے ہیں وہ آزاد الیکشن جیتے ہیں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر نہیں، قاسم سوری نے اسپیکر صاحب آپ کی نشست پر بیٹھ کر 54 بل منظور کروائے تھے، میاں نواز شریف کو کسی کے کہنے پر بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کر دیا گیا، سب کو معلوم ہے کہ یہاں عدلیہ کن کن ناموں سے جانی جاتی ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ واحد شخص ہیں جنہوں نے عدلیہ کی عزت بحال کی، قاضی فائز عزت کے ساتھ گھر جا رہے ہیں، ہماری عدلیہ ایک سیاسی جماعت بن چکی ہے، ان کے سیاسی عزائم ہیں۔

متعلقہ خبریں