سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اب بھی وقت ہے کہ پی ٹی آئی تقسیم کی سیاست کو ایک طرف رکھ کر قوم کی فلاح کے لئے آئینی ترامیم کی حمایت کا اعلان کرے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ چھبیسویں آئینی ترامیم کے لئے انتھک محنت کرنے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ چھبیسویں آئینی ترامیم کا مقصد قوم کو متحد اور وفاق کو مضبوط کرنا ہے، تمام سیاسی قوتوں کو اس کے پیچھے متحد ہونا چاہیے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میثاق جمہوریت میں صوبائی نمائندگی کو یقینی بنانے اور وفاق کو مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا تھا، میثاق جمہوریت کے تحت آئینی ترامیم صوبائی نمائندگی کو یقینی بنانا اور جمہوری اداروں کو بااختیار بنانے کی جانب اہم اور مثبت قدم ہے۔
رہنما پی پی نے مزید کہا کہ عدلیہ اور مقننہ کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لئے آئینی عدالت کا تصور سب سے پہلے قائد اعظم محمد علی جناح نے دیا تھا۔



















