میئر کراچی و ترجمان بلاول بھٹو زرداری بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ترمیم کی منظوری کے لئے سیاسی جماعتوں کا کردار قابلِ ستائش ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 26 آئینی ترمیم کی منظوری کا سہرا بلاول بھٹو زرداری اور دیگر سیاسی اکابرین کو جاتا ہے، آئینی ترمیم کی منظوری بلاشبہ سیاسی جماعتوں کی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترمیم کی منظوری کے لئے سیاسی جماعتوں کا کردار قابلِ ستائش ہے، آئینی ترمیم کی منظوری ملک میں سیاسی و آئینی استحکام کا باعث ہوگی، 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری سے عدالتی نظام میں توازن پیدا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان قائد بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی بصیرت سے شہید بی بی کا خواب پورا ہوا، ترمیم کی منظوری سے عوام کو فوری اور بلاامتیاز انصاف میسر ہوگا، 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پوری قوم کا خواب تھا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ترمیم کی منظوری سے آئین اور پارلیمان کی بالادستی قائم ہوئی ہے، ترمیمی بل پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت سے منظور کرانے میں بلاول بھٹو زرداری کا مرکزی کردار تھا، آئینی ترمیم کی منظوری دراصل بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کی منظوری جمہوریت کی فتح ہے، اس سے جمہوری نظام مستحکم ہوگا، دو تہائی اکثریت سے آئینی ترمیم کی منظوری سے جمہوری نظام کو تقویت ملی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اس گھٹن زدہ ماحول میں جمہوریت کے فروغ میں جو کردار ادا کیا وہ پوری قوم کے سامنے ہے۔



















