پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی جدوجہد کی تاریخ بیگم نصرت بھٹو کے تذکرے کے بغیر نامکمل رہے گی۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بیگم بھٹو کی جمہوریت، انصاف اور مساوات کی جدوجہد میں خدمات غیر معمولی اور قربانیاں بے مثال ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے بیگم نصرت بھٹو کو ان کی 13ویں برسی پر خراجِ عقیدت بھی پیش کیا اور کہا کہ انکی جمہوریت کے کاز سے بے لوث وابستگی پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں، بیگم بھٹو جمہوریت کے لیے سب کچھ قربان کرنے کی علامت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کا مسلسل چیلنجز کے باوجود عزم و ہمت ان کی غیر معمولی میراث کا ثبوت ہے، ان کا اثر سیاست سے کہیں آگے ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ بیگم بھٹو، آمریت اور جبر کے خلاف مزاحمت کی علامت ہیں، انہوں نے اپنی قیادت کے ذریعے پاکستان کو ایک تاریک ترین دور سے باہر نکالا، ان کا کردار تمام جمہوریت پسندوں کے لیے ایک مستقل تحریک کا ذریعہ ہے۔
انکا کہنا تھا کہ بیگم نصرت بھٹو کی جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے انتھک جستجو مشعلِ راہ ہے، ان کی جدوجہد پیپلز پارٹی کے ترقی پسند اور جامع پاکستان کے مشن کو مسلسل رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اُن اصولوں کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتی ہے جن کے لیے مادرِ جمہوریت نے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی، ان کی یاد پارٹی اور قوم دونوں کے لیے امید، قوت اور رہنمائی کی علامت بنی رہے گی۔



















