Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بیگم نصرت بھٹو نے جیالوں کے ساتھ ہمیشہ اپنے بچوں کی طرح برتاؤ کیا، میئر کراچی

میئر کراچی و ترجمان بلاول بھٹو زرداری بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو نے جیالوں کے ساتھ ہمیشہ اپنے بچوں کی طرح برتاؤ کیا۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی تیرویں برسی کے موقع پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے جیالوں کے ساتھ ہمیشہ اپنے بچوں کی طرح برتاؤ کیا، ان کی آئین، انصاف اور برابری کے لیے خدمات اور قربانیاں پاکستانی سیاست میں سنہری باب کی طرح رقم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مادر جمہوریت نے آمرانہ دور میں ایم آر ڈی تحریک کی قیادت کرتے ہوئے عوام کے حقوق کی بحالی کے لیے آواز بلند کی، پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور ترقی کے لیے بیگم نصرت بھٹو کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے ملک میں آئینی حقوق اور جمہوری نظام کی بحالی کے لیے قید و بند اور ظلم و ستم کو بہادری سے جھیلا، مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی شخصیت ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ قوم کی خاطر بیگم نصرت بھٹو کی دی ہوئی قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی، مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے جس عزم کے ساتھ پاکستان کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑی، وہ کبھی فراموش نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں