Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کشمیر کے مسئلے کو ہمیشہ پیپلز پارٹی قیادت نے ہی آگے بڑھایا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کو ہمیشہ پیپلز پارٹی قیادت نے ہی آگے بڑھایا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے پانچ رکنی وفد کی ملاقات ہوئی۔

وفد میں حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صافی، ایڈووکیٹ پرویز شاہ، حمید لون، اعجاز شاہ اور مجاہد شیخ شامل تھے۔

صوبائی وزراء، سعید غنی اور ضیاء الحسن لنجار ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ شریک تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کو ہمیشہ پیپلز پارٹی قیادت نے ہی آگے بڑھایا ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کے معاملے پر اتنی آواز بلند کی کہ اقوام متحدہ کو قرارداد منظور کرنی پڑی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں حیثت دلوائی، ہم بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری عوام کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔

حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے 27 اکتوبر کو ہونے والے اپنے پروگرام کی پیپلز پارٹی کو شرکت کی دعوت دی۔

یاد رہے 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے کشمیر میں اپنی فوج کشی کی تھی۔

حریت کانفرنس رہنما کنوینر غلام محمد صافی کا کہنا تھا کہ حریت کانفرنس 27 اکتوبر 1947 کی یاد میں ایک بڑا پروگرام کرنا چاہتی ہے، ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ دیگر تمام سیاسی جماعتوں کو پروگرام میں شرکت کی دعوت دیں گے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حریت کانفرنس کے پروگرام میں بھرپور شرکت کرے گی، ہم مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام کے ساتھ ہیں۔

متعلقہ خبریں