گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کے پی کے اور سندھ کے لوگوں کو ایک دوسری کی ثقافت سے واقف ہونا لازم ہے۔
گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے سندھ سیکریٹریٹ میں صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ سے ملاقات کی۔
صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے گورنر خیبرپختونخواہ کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزراء حاجی علی حسن زرداری، محمد علی ملکانی ایم این اے سید ابرار علی شاہ، سابق ایم پی اے سردار شہریار شر موجود تھے۔
ملاقات میں موجودہ صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے گورنر خیبرپختونخواہ کو ثقافتی سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا۔
گورنر خیبرپختونخواہ نے ثقافت و سیاحت کے حوالے سے اقدامات پر سراہا۔
صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ گورنر کے پی کے کو سندھ سیکریٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، گورنر کے پی کے دونوں صوبوں کی ثقافت کو فروغ دینے کیلئے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر کے پی کے سے گزارش کی ہے کہ خیبرپختونخواہ میں سندھی کلچر پروگرامز منعقد کرائے جائیں۔
گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ دونوں صوبوں کے درمیان ثقافتی تبادلے وقت کی ضرورت ہیں، دونوں صوبے اپنی الگ اور تاریخی، شاندار ثقافت رکھتے ہیں، کے پی کے اور سندھ کے لوگوں کو ایک دوسرے کی ثقافت سے واقف ہونا لازم ہے۔
صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے گورنر کے پی کے کو سندھ کے تاریخی، سیاحتی مقامات پر دورے کی دعوت بھی دی۔
انہوں نے گورنر کے پی کے سمیت وزراء اور مہمانوں کو سندھی اجرک اور ٹوپی کے تحائف دیے۔



















