Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت سندھ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، میئر کراچی

میئر کراچی و ترجمان بلاول بھٹو زرداری بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت سندھ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عالمی یوم پولیو کے موقع پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہمارا قومی مشن ہے، ہمیں اپنے بچوں کو اس مہلک مرض سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین پلانا ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور ہم سب پر فرض ہے کہ اس میں اپنا حصہ ڈالیں، پاکستان کو پولیو فری بنانا شہید بی بی کا خواب تھا، ڈاکٹرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز، پیرا میڈیکس اور اس مہم میں شریک تمام افراد کو سلام تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت سندھ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، ہمیں اس موذی مرض سے جلد چھٹکارا حاصل کرنا ہے، پولیو مہم میں ہر شہری حکومت اور متعلقہ اداروں کا ساتھ دے تاکہ پاکستان کو پولیو فری بنایا جا سکے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اپنے بچوں کو صحت مند مستقبل دینے کے لیے پولیو ویکسینیشن پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں، یہ ایک ذمہ دارانہ اقدام ہے، پولیو کے خاتمے کیلئے ہر طبقہ فکر کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ہماری آئندہ نسلیں محفوظ رہ سکیں۔

میئر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں پولیو سے بچاؤ کی مہم کو ملک گیر تحریک بنانا ہوگا تاکہ ہر بچہ اس بیماری سے محفوظ ہو۔

متعلقہ خبریں