Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیپلز پارٹی سندھ کا 28 اکتوبر کو سندھ کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ریلیاں نکالنے کا اعلان

پیپلز پارٹی سندھ نے 28 اکتوبر کو سندھ کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما و کارکنان 26 ویں ترمیم کی منظوری کے حق اور خوشی میں پیر کو کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں ریلیاں نکالی جائیں گی، پیپلز پارٹی کے تمام اضلاع کی تنظیمیں اپنے اپنے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں نکالی جانی والی ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کی منظوری تمام جمہوری قوتوں اور جمہوریت کی فتح  اور غیر جمہوری سوچ رکھنے والوں کی شکست ہے، آئینی ترمیم کی منظوری میں جمہوری کردار ادا کرنے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سب سے بڑے جمہوری لیڈر ثابت ہوچکے ہیں۔

 نثار کھوڑو نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اب وزیراعظم بننے کا وقت قریب آچکا ہے، 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری سے پارلیمنٹ مزید مضبوط ہوئی ہے، آئینی بینچ کے قیام سے سپریم کورٹ پر کیسز کا دباؤ کم ہوگا۔

 پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نے کہا کہ ججز تقرری میں پارلیمنٹ کے کردار سے جوڈیشل ایکٹوزم میں کمی آئے گی، ماضی میں عدلیہ نے نظریہ ضرورت کو جنم دیا اور مارشل لاؤں کو تحفظ بھی اسی عدلیہ نے دیا تھا، ماضی میں اعلیٰ عدلیہ نے ملک کو متفقہ آئین دینے والے کو پھانسی پر چڑھایا اور آئین توڑنے والے آمر کی مارشل کو تحفظ دے کر آمر کو آئین میں ترمیم کا بھی اختیار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کے اختیارات کا توازن ہو اور جوڈیشل ایکٹوزم نہیں ہونا چاہیے، آئینی ترمیم کے بعد صوبائی اسمبلی کی قرارداد سے صوبے میں بھی آئینی بینچ قائم ہوگی جو صوبے کے آئینی اشوز کو سن سکے گی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئینی ترمیم کی منظوری میں لیڈنگ کردار ادا کرکے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن اور سی او ڈی کے ایک اور نقطے پر عملدرآمد کرایا ہے۔

     نثار کھوڑو نے کہا کہ اب ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیئیشن کمیشن کا قیام بھی عمل میں آنا چاہیے، ملک جمہوریت کے علاوہ کسی اور نظام کا متحمل نہیں ہوسکتا، تمام جمہوری قوتیں جمہوریت کے تسلسل کے لیے متحد ہیں، ایک غیر جمہوری سوچ رکھنے والہ لیڈر اب جیل سے نکلنے کے لیے رو رہا ہے، ہم انہیں مشورہ دیتے ہیں کے سازشوں سے دور رہیں اور جمہوری اپوزیشن کا کردار ادا کریں۔

متعلقہ خبریں