پشاور کے علاقے حیات آباد انڈسٹریل ایریا میں ٹشو پیپر کے کارخانے میں آگ لگ گئی ہے۔
ترجمان ریسکیو بلال فیضی کے مطابق آگ تیسرے درجے کی قرار دے دی گئی، 60 سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
ترجمان ریسکیو نے بتایا کہ 3 گھنٹے سے آگ بجھانے کی کوشش کررہے ہیں، پشاور سمیت 5 اضلاع کی 22 سے زائد فائر وہیکلز آگ بجھارہی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کوشش ہے جلد از جلد آگ پر قابو پالیا جائے، متاثرہ عمارت سے متصل کارخانوں کو بھی محفوظ کیا جارہا ہے، آگ بجھانے کے دوران متعدد فائر فائٹرز کی حالت غیر ہوگئی۔
آگ پر قابو پانے کے لئے پاک فضائیہ کے فائر ویکلز اور فائر فائٹرز آپریشن میں مصروف عمل ہیں اور سول انتظامیہ کو امدادی کارروائیوں میں پوری مدد فراہم کرنے میں پیش پیش ہیں۔
آگ پر قابو پانے کے لیے چارسدہ، مردان، صوابی اور خیبر کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔



















