راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کی افواج کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے مشترکہ مشق اقبال ون اختتام پذیر ہوگئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کی افواج کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے مشترکہ مشقیں اقبال ون کی اختتامی تقریب چراٹ میں منعقد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دو ہفتے طویل مشق 15 اکتوبر 2024 کو شروع ہوئی جس میں دونوں ممالک کی اسپیشل فورسز نے حصہ لیا جب کہ اسپیشل آپریشن اسکول کے کمانڈنٹ نے اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ اسپیشل فورسز کے چیف آف اسٹاف کرنل ایس ایس لیچونیوں نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت کی جب کہ مشق کے دوران دستوں نے پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد انسداد دہشت گردی آپریشنز کے لیے مشترکہ تربیت کے ذریعے مہارتوں اور تکنیک کو بہتر بنانا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ مشق اقبال-I نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خصوصی افواج نے چرات میں انسداد دہشت گردی کی مشترکہ تربیت مکمل کی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ مشق اقبال-I میں حصہ لینے والی دونوں ممالک کی افواج نے مشترکہ کارروائیوں کی حکمت عملی پر عمل کیا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کی افواج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ مشقیں اہم ہیں۔



















