Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے، انشاء اللہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے، پولیو کے خاتمے کے حوالے سے حکومتی پولیو ٹیم کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

وزیراعظم نے کوآرڈینیٹر قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور سیکرٹری قومی صحت کو حالیہ انسداد پولیو مہم کے دوران ملک میں پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔

دوران اجلاس وزیراعظم نے انسداد پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے اور امیونیٹی گیپ کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں حالیہ پولیو کیسز اور انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت پولیو کے ایکٹو کیسز کی تعداد 41 ہو چکی ہے، ان کیسز میں سے 25 کیسز ایسے ہیں جن کی روٹین امیونائیزیشن بہتر نہیں ہے۔

بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک کے جن علاقوں میں بچوں میں پولیو ویکسینیشن کی شرح بہتر ہے وہاں پولیو کا پھیلاؤ کم ہے۔

متعلقہ خبریں