ریاض: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب سمیت عالمی شراکت داروں کے تعاون سے ترقی کا عمل آگے بڑھائیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک پاکستان آئیں، سرمایہ کاری کریں، پاکستان ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور دوست ممالک کے تعاون سے معاشی استحکام ممکن ہوا، شاہ سلمان اور محمدبن سلمان کا ترقی کا وژن قابل ستائش ہے، سعودیہ، عالمی شراکت داروں کے تعاون سے ترقی کا عمل آگے بڑھائیں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ کوئی بھی ملک دوسرے کی مدد کے بغیر مستقبل کو بہترنہیں بنا سکتا، ہم ملکر ہی مشترکہ مستقبل اور ترقی کی منزل حاصل کرسکتے ہیں، مستقبل سنوارنے کیلئے ہم نے نوجوانوں پر سرمایہ لگانے کا فیصلہ کیا۔
انکا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت سمیت آئی ٹی کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو تمام انڈسٹریز پر رائج کرنا ہمارا عزم ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور قیام امن دُنیا کی ترقی کی کنجی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کے غزہ سے متعلق بیان پر شرکاء نے زبردست پذیرائی کی۔



















